سانحہ 9 مئی کے 19 مجرموں کی سزاؤں میں معافی کا اعلان
پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا، آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سانحہ 9 مئی کے 19 مجرموں کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مجرموں نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں،مجموعی طورپر67 مجرموں نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں،48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئےکورٹس آف اپیل میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا،دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیاجائیگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزا معافی پانیوالوں میں محمد ایاز،سمیع اللہ ،لئیق احمد ،امجد علی ،یاسر نواز ، سعیدعالم ، زاہدخان ،محمد سلیمان ،حمزہ شریف ،محمد سلمان،اشعر بٹ ،محمد وقاص ،سفیان ادریس ،منیب احمد ،محمد احمد ، محمد نواز،محمد علی ،محمد بلاول ، محمد الیاس شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معافی پانیوالےمجرمان کوضابطے کی کارروائی کے بعد رہا کیا جا رہا ہے،دیگر مجرمان کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق حقوق برقرار ہیں ،سزاؤں کی معافی منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے،اپریل 2024 میں بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم دیاگیا تھا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحہ 9 مئی کے مجرمان کی سزا معافی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے درخواست کرنے والے دیگر مجرمان کی سزائیں بھی معاف ہونگی۔
سپریم کورٹ بارکی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ مجموعی طور پر 67 مجرمان نے سزا معافی اور رحم کی درخواستیں دائر کیں،رحم کی درخواستیں کرنے والوں نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا،سیاسی مقاصد کیلئے لوگوں کو استعمال کیا گیا،حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بھی چل رہے ہیں،سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور ملکی حالات بہتر کرنے کا حل مذاکرات ہی ہیں،تمام سیاسی جماعتیں ملک کی خاطر مذاکرات میں مثبت کردار ادا کریں۔