'یہ بدقسمتی ہے'، بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نا جانے پر واٹسن کا ردعمل

Jan 02, 2025 | 19:12:PM
'یہ بدقسمتی ہے'، بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نا جانے پر واٹسن کا ردعمل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان نا جانے کو بدقسمتی قرار دیدیا۔ 

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شین واٹسن نے کہا کہ بھارتی ٹیم کا پاکستان نہ جانا ایک بدقسمتی ہےاور کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد پورے پاکستانی عوام کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوتا جبکہ پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے بھی یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک بھارت میچ ہر کرکٹ فین کی پسندیدہ چیز ہوتی ہے جب بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آپس میں مقابلہ کرتی ہیں، وہ ایک خاص لمحہ بن جاتا ہے۔

واٹسن نےمزید کہا کہ بطور آسٹریلوی کرکٹر مجھے بخوبی علم ہے کہ انگلینڈ ہمارے لیے کتنا بڑا حریف ہے اور اسی طرح پاکستان اور بھارت بھی ایک دوسرے کے لیے بڑے حریف ہیں، کوئی بھی کرکٹ شائقین ایسا میچ دیکھنے کا موقع نہیں چھوڑنا چاہتا۔

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر نے کہا کہ مجھے 2019 میں پاکستان سپر لیگ پاکستان میں کھیلنے کا موقع ملا اور پاکستان جانا اور وہاں کھیلنا میرے لیے ایک خاص تجربہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے شائقین براہ راست ورلڈ کلاس کرکٹ دیکھنے سے محروم رہے ہیں۔

واٹسن نے مزید کہا کہ آئی سی سی ایونٹ کا پاکستان میں انعقاد ان کے لیے بہت خوش آئند ہےاور  انہوں نے کہا کہ فینز اپنی آنکھوں کے سامنے دنیا کے بڑے کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھیں گے اور یقیناً یہ پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے ایک خاص لمحہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں سپنر ساجد خان کی واپسی