(24 نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف پی ٹی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دے دیا۔پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے نے 30 جون کو ٹک ٹاک کو ملک بھر میں بند کر دیا تھا۔ عدالت نے پی ٹی اے کو ایل جی بی ٹی سے متعلق درخواستیں بھی جلد نمٹانے کا حکم دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے 28 جون کو ٹک ٹاک معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔ پی ٹی اے نے حکم امتناعی واپس لینے کی استدعا کی تھی۔ پی ٹی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ایپ سے متعلق شکایت کنندہ کی درخواست پر 5 جولائی تک فیصلہ کردیں گے۔ عدالت نے پی ٹی اے کو شکایت کنندہ کی درخواست پر 5 جولائی تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے کیس کی سماعت 5 جولائی کیلئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 28 جون کو سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک ایپلیکیشن فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔
ادھرٹک ٹاک نے اپنی پہلی سہ ماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ 2021 جاری کردی ہے۔ٹک ٹک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پالیسیوں کی خلاف ورزی پرٹک ٹاک نے پاکستان میں 65 لاکھ ویڈیوز ہٹائی ہیں۔نامناسب مواد ہٹائے جانے والے ممالک میں پاکستان سمیت 5 بڑے ملک شامل ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 85 لاکھ ویڈیوزکےساتھ امریکہ پہلے، برازیل دوسرے،روس تیسرے اورانڈونیشیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ٹک ٹاک نے عالمی سطح پر پہلی سہ ماہی کے دوران6 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹائیں۔91.3 فیصد ویڈیوز کو رپورٹ ہونے اور81.8 فیصد ویڈیوز کو دیکھنے سے قبل ہٹایا گیا۔پہلی سہ ماہی میں دنیا بھرمیں کورونا انفارمیشن ہب کو ڈیڑھ ارب سے زائد بار دیکھا گیا جبکہ کورونا سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلانے والی 30 ہزار سے زائد ویڈیوز بھی ہٹائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:بونے افراد جب بڑی کرسی پر بیٹھ جائیں تو سسٹم مضبوط نہیں ہوتا۔۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ