بلدیاتی انتخابات,بلوچستان کے 8 اضلاع میں ری پولنگ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) بلوچستان کے 8 اضلاع کی 13 یوسیز اور وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ری پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 29 مئی کو بلوچستان کے 8 اضلاع میں جھگڑے، بیلٹ پیپرز کی غلط چھپائی اور دیگر وجوہات کے باعث پولنگ نہیں ہو سکی تھی ، ان اضلاع میں دکی، قلعہ عبداللّٰہ، زیارت، لورالائی، ضلع پنجگور، سبی، نوشکی اور کیچ کے یوسیز اور وارڈز شامل ہیں۔
لورالائی کی میونسپل کمیٹی کے 2 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ری پولنگ کا عمل آج جاری ہے، وارڈ نمبر4 اور 5 میں کُل ووٹرز کی تعداد 817 ہے، یہاں 29 مئی کو لڑائی جھگڑے پر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔
نوشکی کے بلدیاتی انتخابات میں یو سی8 کے وارڈ نمبر 7 میں پولنگ کاعمل جاری ہے، یہاں ووٹرز کی تعداد 528 ہے جن میں سے 295 مرد اور 233 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
دوسری جانب ریٹرننگ افسر ( آر او) کے مطابق میونسپل کمیٹی قلعہ عبداللّٰہ کی وارڈ نمبر7 میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، یہاں ووٹرز کیلئے 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور دونوں پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔آر او کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 7 میں 1646 ووٹرز میں 1061 مرد اور 585 خواتین ووٹرز ہیں۔