(24 نیوز) صدر عارف علوی نے فیصل بینک کو فراڈ سے متاثرہ بزرگ شہری کو پوری رقم واپس کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے فیصل بینک کو فراڈ سے متاثرہ بزرگ شہری کو پوری رقم واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بینک فراڈ سے متاثرہ شہری کو 3 لاکھ 88 ہزار کی جزوی ادائیگی کی بجائے 11 لاکھ کی مکمل ادائیگی کرے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کیلئے بُری خبر: نوٹی فکیشن روک لیا گیا
صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف بزرگ شہری کی درخواست منظور کرلی۔ عارف نے کہا کہ بینک کی جانب سے جزوی ادائیگی ثبوت ہے کہ بینک صارف کا پورا دعویٰ درست اور جائز ہے۔
خیال رہے بزرگ شہری سردار ارشد محمود جلوانہ نے ایک نامعلوم کال کرنے والے کو اپنا خفیہ بینکنگ ڈیٹا ظاہر کیا اور انہیں 11 لاکھ روپے سے محروم ہونا پڑا، صارف نے بینک میں شکایت درج کرائی تھی جس نے اسے 388,100 روپے واپس کر دیے تھے۔
شہری کی مسلسل کوششوں کے باوجود باقی رقم اسے واپس نہیں کی جا رہی تھی۔ شہری نے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا جس نے بینک کی جانب سے جزوی ادائیگی کی بنیاد پر معاملہ نمٹا دیا تھا۔
شہری نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کے پاس درخواست دائر کی تھی۔ صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے احکامات کو مسترد کیا اور بزرگ شہری کی درخواست منظور کی۔