(ویب ڈیسک )کراچی سے لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے کراچی میں میڈیکل ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، پولیس دعا کو لے کر ڈاؤ ڈینٹل اسپتال روانہ ہوگئی جہاں اُس کے دانتوں کا معائنہ کیا جائے گا۔دعا زہرا کے میڈیکل کے موقع پر عمر کے تعین کیلئے سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کا اجلاس جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق دعا زہرا کی والدہ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہوئی ہیں، بورڈ ان سے دعا کی زندگی سے متعلق سوالات کرے گا جبکہ دعا کے والد کو بھی میڈیکل بورڈ نے طلب کیا ہے۔میڈیکل بورڈ نے دعا کے والدین کے وکیل جبران ناصر کو بھی طلب کرلیا ہے۔اس سے قبل اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دعا زہرا کو تحویل میں لے لیا، خصوصی ٹیم دعا زہرا کو لے کر لاہور سے کراچی پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں:عمر کے درست تعین کے لیےدعا زہرا کو پولیس نے تحویل میں لے لیا
محکمہ صحت کے مطابق عمر کے تعین کیلئے دعا زہرا کے مختلف ٹیسٹ اور ایکسرے کیے جائیں گے اور اُس کے پیدائشی سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات بھی چیک کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق دعا زہرا کو آج میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ دعا کا شوہر ظہیر احمد اپنے طور پر کراچی پہنچا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ ظہیر احمد کو میڈیکل بورڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کا اجلاس کیا گیا تھا جس میں کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی تھی۔اجلاس میں دعا زہرا کے والد، وکیل جبران ناصر اور تفتیشی افسر پیش ہوئے جبکہ پولیس دعا زہرا کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش نہیں کرسکی تھی۔
یاد رہے کہ 8 جون کو سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دعا اپنی مرضی سے کہیں بھی جاسکتی ہے۔