وزیر قانون نے عمران خان کی گرفتاری اورمقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قراردیدیا

Jul 02, 2024 | 15:26:PM
وزیر قانون نے عمران خان کی گرفتاری اورمقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قراردیدیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل آگیا، انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور زیر التوا مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیدیا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے  اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خودمختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے ، بانی پی ٹی آئی کو ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں،ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں، کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کا مظہر ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے اپنی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور ان کے دیگر ساتھیوں کی فوری طور پر رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  نظربندی اور حراست کا کوئی جواز نہیں، بانی پی ٹی آئی کی حراست غیر قانونی ہے، انہیں سیاسی میدان سے آؤٹ کرنے کیلئے نااہل کیا گیا۔

جنیوا سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حراست پاکستان کا اندرونی معاملہ نہیں رہا، اس معاملے کو عالمی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق دیکھا جائے، الیکشن کے موقع پر بھی دھاندلی کی گئی اور کئی نشستیں ان سے چھین لی گئیں۔

 دوسری جانب امریکا نے عمران خان پر مقدمات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔