شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کا فیصلہ۔حکومت نے اپیل واپس لے لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) حکومت نےمسلم لیگ ن کے صدروسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے لی ۔جس کے بعد سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف حکومتی اپیل پر سماعت کی جس دوران عدالت کی طلبی پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے کیس کا ریکارڈ پیش کیا۔جسٹس اعجاز نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق ایک ہی روز اعتراضات دور کرکے کیس سنا گیا، کیا شہبازشریف کا کیس سسٹم کے تحت مقرر ہوا یا خاص طور پر؟ ۔اس پر رجسٹرار نے بتایا کہ درخواست اعتراض کیلئے مقرر ہوئی تھی اور فیصلہ ہوا کہ اعتراض پر فیصلہ درخواست کے ساتھ ہی ہوگا، جمعہ کو 9:30 پر اعتراض لگا اور 11:30 پرکیس کی سماعت ہوئی۔
جسٹس اعجاز نے کہا کہ حکومتی وکیل کو ہدایات لینے کیلئے صرف 30 منٹ دیئے گئے، ایک سال میں کتنے مقدمات کی جمعہ کو12 بجے سماعت ہوئی؟ بتایا جائے کتنے مقدمات میں یک طرفہ ریلیف دیا گیا؟ لاہور ہائیکورٹ نے یہ بھی نہیں پوچھا کہ شہباز شریف کا نام کس لسٹ میں ہے، کیا اس طرح کا عمومی حکم جاری ہوسکتا ہے جیسا لاہور ہائیکورٹ نے کیا؟ ۔عدالت نے کہا کہ شہبازشریف کو جس انداز میں ریلیف دیا گیا وہ کسی کیلئے مثال نہیں بن سکتا، فوجداری مقدمات میں ملزم کی نقل حرکت کو کیسے محدود کیاجاسکتا ہے؟ لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی حکومت کا موقف سنا گیا۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف نے ہائیکورٹ سے اپنی درخواست واپس لے لی ہے جس کے بعد ہم اپنی درخواست پر اصرار نہیں کرتے، عدالت وفاق کی اپیل کو دو ٹرمز پر نمٹا دے، لاہور ہائیکورٹ کا بلیک لسٹ سے نام نکالنے کا فیصلہ مثال نہ بنے، حکومت کی جانب سے درخواست واپس لئے جانے پر سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی بارے بریفنگ:اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں،وزیر خزانہ