(24 نیوز) اورنج لائن، گرین لائن اور فیڈر روٹس یکے بعد دیگرے استعمال کرنیوالوں کو کرائے میں ریلیف ملے گا، تینوں سروسز کیلئے زیادہ سے زیادہ کرایہ 40 روپے ہوگا، کرائے نامے کی نئی تجاویز تیار۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے ماس ٹرانزٹ کا مقررہ ہدف پورا کرنے کیلئے تجاویز تیار کر لی گئیں، 30 منٹ کے دورانیے میں اورنج لائن ٹرین، میٹرو اور فیڈر روٹس استعمال کرنیوالوں کیلئے نیا کرایہ نامہ تجویز کیا گیا۔کابینہ کمیٹی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو حتمی سفارشات پیش کرنے کے احکامات دے دیئے۔
کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو پی ایم اے کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیکر نیا حتمی کرایہ نامہ مرتب کرنے اور منظور کروانے کے احکامات جاری کردیئے، تجاویز کے مطابق اورنج ٹرین سے نکل کر میٹرو بس پر سوار ہونیوالوں سے میٹرو کا کرایہ نہیں لیا جائے گا، 40 روپے ہی وصول کئے جائیں گے، اسی طرح ٹرین سے فیڈر روٹ استعمال کرنیوالے بھی فیڈر روٹ کا کرایہ نہیں دیں گے، میٹرو کا 30 روپے کرایہ ادا کرنیوالے ٹرین میں منتقل ہونے پر 40 کے بجائے مزید 10 روپے ادا کریں گے۔
فیڈر روٹ میں 15 روپے کرایہ ادا کرنیوالے ٹرین میں منتقل ہونے پر 40 کے بجائے مزید 25 روپے ادا کریں گے، میٹرو میں 30 روپے ادا کرنیوالے مسافر فیڈر روٹ میں سوار ہوتے ہوئے مزید کوئی کرایہ ادا نہیں کریں گے۔
فیڈر روٹ میں 15 روپے ادا کرنے والے مسافر میٹرو میں منتقل ہونے پر مزید 15 روپے ادا کریں گے، فیڈر روٹ میں 15 روپے ادا کرنے والے مسافر نئے فیڈر روٹ میں منتقل ہونے پر صرف 5 روپے مزید ادا کریں گے۔
اورنج لائن میں چالیس روپے ادا کرنے والے مسافر، گرین لائن اور پھر فیڈ روٹ میں منتقل ہونے پر مزید کوئی کرایہ ادا نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات کا حتمی شیڈول تیار