(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے اداکار فواد خان کو پروگرام برائے ترقی (یواین ڈی پی) کا خیرسگالی سفیر مقرر کردیا ہے۔
پاکستانی اداکار فواد خان نے قوام کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔ انہیں اقوام متحدہ نے خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا ہے۔
یو این ڈی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معروف اداکار فواد خان پاکستان میں اقوام متحدہ کے چارٹر اورپائیدار ترقی کےترجمان کے طورپر کام کریں گے۔
اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا۔ جس میں یواین ڈی پی کے پاکستان میں ریذیڈینٹ نمائندے نٹ اوسٹبائی اورفوادخان نے معاہدے پردستخط کئے۔ تقریب میں یواین ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ مس الیونا نکولیٹا، ہیڈ آف کمیونیکیشن یونٹ عائشہ بابر اور یو این ڈی پی میں بطور گرین سوشل انٹرپرینیو کام کرنے والوں نے شرکت کی۔
تقریب میں ماحولیاتی تبدیلی پرایو این ڈی پی کی دستاویزی فلم ’ڈونٹ چوز ایکسٹینکشن‘ دکھائی گئی۔ جس کی اردو زبان میں ڈبنگ فواد خان نے کی ہے۔ یواین ڈی پی کے نمائندے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان کو خیرسگالی کا سفیر مقررکرنے پرفخر ہے۔
اس موقع پر فواد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ یواین ڈی پی کی جانب سے پاکستان میں سفیر مقرر کیے جانے پر اعزاز ہے۔ انہیں یقین ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف عوام کی خوشحالی اور ترقی کا روڈ میپ ہیں۔