حکومت پٹرول پر 50 اور ڈیزل پر80 روپے کما رہی ہے،شوکت ترین 

Jun 02, 2022 | 23:13:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کاکہناہے کہ حکومت پٹرول پر 50 اور ڈیزل پر80 روپے کما رہی ہے،ہمیں تو کہتے تھے ٹارگٹڈ سبسڈی کیوں نہیں دی،اب یہ حکومت خود کیوں ٹارگٹڈ سبسڈی نہیں دے رہی،حکومت کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جانا چاہئے ، غریب کو ریلیف دینا چاہئے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مکمل طور پر کنفیوژ نظر آ رہے تھے،60 روپے پٹرول ،ڈیزل بڑھا کر ابھی بھی رو رہے ہیں ، ابھی بھی کہہ رہے ہیں کوئی سستا تیل دے گا تو خرید لیں گے،ارے بھائی کوئی تمہارے پاس خود آئے گا کہ ہم سے سستا تیل خریدو، پیاسا کنویں کے پاس جاتا ہے یا کنواں پیاسے کے پاس آتا ہے۔
شوکت ترین نے کہاکہ پٹرول ڈیزل 60 روپے کس کھاتے میں مہنگا کیا،ہم نے پٹرول پر 20 اور ڈیزل پر 24 روپے سبسڈی دی تھی، ان کا کہناتھا کہ شہباز حکومت نے وقت پر ایکشن نہیں لیا، وقت پر فیصلے نہیں کئے،سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ عمران خان نے روسی صدر سے بات کی تھی،روسی صدر نے کہا تھا سستا تیل بھی دونگا اور گیس بھی دونگا،کیا روسی آپ کے گھر تیل پہنچائیں گے یا آپ جا کر بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ کردیا

مزیدخبریں