(24نیوز) معروف پاکستانی فلموں اور ڈرامہ کے وراسٹائل اداکار رفیع خاورالمعروف ننھا کو مداحوں سے بچھڑے 37 برس بیت گئے لیکن ان کی لازوال اداکاری آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں نقش ہے۔
اداکار ننھا کا اصل نام رفیع خاور تھا اور وہ 1942 میں ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ ان کی شہرت کا آغاز ڈراما سیریز ‘الف نون’ سے ہوا۔ فلمی کیریئر کا آغاز 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘وطن کا سپاہی’ سے کیا لیکن ‘دبئی چلو’ کی کامیابی نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
ہردلعزیز ننھا کے گول مٹول چہرے پر معصومیت کھیلا کرتی تھی۔ ان کے کریڈٹ پر یوں تو بے شمار فلمیں ہیں، تاہم ’’پردے میں رہنے دو‘‘، ’’آس‘‘، ’’نوکر‘‘، ’’دبئی چلو‘‘، ’’سالا صاحب‘‘ اور ’’آخری جنگ‘‘ بہت مشہور ہوئیں۔
ننھا اسٹیج پر آتے تو دیکھنے والے ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔ ٹی وی اسکرین پر نمودار ہوتے تو’’الف نون‘‘جیسے معیاری کھیل وجود پاتے اور فلم کے پردے پر ان کے انداز سب سے الگ نظر آتے۔ 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم آخری جنگ ان کی زندگی کی آخری فلم ثابت ہوئی۔
مزید پڑھیں: اینیمیٹڈ فلم اللہ یار اینڈ دی 100 فلورز آف گاڈ کا آفیشل ٹریلر جاری
لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والا یہ ہر دلعزیز کامیڈی کنگ 2جون 1986ءکو اپنے لاکھوں پرستاروں کوسوگوار چھوڑ گیا۔ ان کی پراسرار موت کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔