بالی ووڈ انڈسٹری میں کیسے جگہ برقرار رکھی جا سکتی ہے، نصیر الدین شاہ نے بتا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارتی معروف سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے نوجوان بالی ووڈ اداکاروں کو فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کیلئے اہم مشورے دے دیئے۔
تفصیلات کے مطابق نصیرالدین شاہ نےاپنےایک حالیہ انٹرویو میں نوجوان بالی ووڈ اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ "فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے اُنہیں اپنی حقیقی زندگی سے رابطہ نہیں کھونا چاہیئے۔"
اُنہوں نے سینئر اداکاروں کی سکرین پر غیر حقیقی تصویر کشی کرنے پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ" بڑے فلمی ستارے جب حقیقت سے رابطہ کھودیتے ہیں تو ان سے سکرین پر حقیقت کی تصویر کشی کی توقع نہیں کی جاتی."
اداکار کا کہنا تھا کہ "منوج باجپائی، پنکج ترپاٹھی، نوازالدین صدیقی، عرفان خان، گجراج راؤ، گلشن دیویا اور کے کے مینن کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ" ان سب میں مشترکہ عنصر یہ ہے کہ یہ سب متوسط طبقے کے گھروں سے آئے تھے, یہ اداکار اتنے اچھے اس لیے ہیں کیونکہ ان کے پاس حقیقی زندگی ہے۔"
اُنہوں نے مزید کہا کہ "جتنے زیادہ آپ مشہور ہوتے جائیں گے، اتنے ہی امیر ہوتے جائیں گے، آپ اتنے ہی الگ تھلگ ہوتے جائیں گے اور اس طرح آپ زندگی سے رابطہ کھو دیتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ بھارت میں سٹار بننے کے لیے یہ سب کچھ ضروری ہے۔"
سینئر بھارتی اداکار نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ "یہاں بہت سے سرمئی بالوں والے لڑکے ہیں جوکہ نوجوان نظر آنے کے لیے پہلے اپنے بالوں کو ڈائی کرتے ہیں اور پھر سکرین پر بوڑھے نظر آنے کے لیے وائٹنر لگاتے ہیں۔"
یاد رہے کہ نصیرالدین شاہ نے 2018ء میں اپنے ایک انٹرویو میں بھارتی فلم سٹارز پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ "یہ لوگ کہیں بھی اپنی پوری ٹیم کو ساتھ لیے بغیر کام نہیں کر پاتے، ماضی میں کئی اداکار کہہ چکے ہیں کہ ایک اداکار کے لیے "کرپٹ" ہونے کا سب سے آسان طریقہ ہے کہ وہ سٹار بن جائے اور اس طرح سٹار بننے کے بعد آپ اپنی ہی افسانوی دنیا میں جینے لگتے ہیں اور ان تمام خبروں پر یقین کرنے لگتے ہیں جو پریس آپ کے بارے میں لکھتا ہے۔"