(ویب ڈیسک)اسلام آباد میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیوحکام کے مطابق آگ مونال ہوٹل کے قریب جنگل میں لگی،سی ڈی اے فائر اینڈ ریسکیو کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے، آگ کے پی کے ضلع ہری پور کے جنگل سے پھیلتی ہوئی مارگلہ کے جنگل تک پہنچی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ آگ خیبر پختونخوا کی حدود میں لگی ہے، آگ کے اسلام آباد کی حدود میں داخلے کو روکنے کے لیے فائر والز بنا لی گئی ہیں،فائر بریگیڈ کے 36 اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ آگ روکنے میں کے پی حکومت کے ساتھ مشترکہ کاوشیں کر رہی ہے، آگ پر ایک گھنٹے میں قابو پا لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کا وہ مقام جہاں دو ماہ سورج نہیں نکلتا
دوسری جانب آزاد کشمیر میں سماہنی کے تونین اور باعسر کے جنگل میں بھی آگ لگ گئی جس نے جنگل کے وسیع رقبے کو لپیٹ میں لے لیا ہے، محکمہ جنگلات کے اہلکار اور مقامی افراد آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔