10 ماہ میں لاہور کے ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ڈیڈلائن مقرر

پہلے فیز میں لاہو رکے چھ زونز کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی،فیزون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو میں دیگر زونز کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی،اجلاس میں بریفنگ

Jun 02, 2024 | 12:35:PM

(را ؤدلشاد) وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور کی ترقی کیلئے خود میدان میں آگئیں ،شہر کے چھ زونز کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کیلئے 10 ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کردی،مریم نواز نے پلان کی منظوری دیدی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے ڈویلپمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں لاہو رکے چھ زونز کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیزون کی تکمیل کے لئے 10ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی،فیزون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو میں دیگر زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ 
 اجلاس میں ہر زون کی علیحدہ شناخت کے لئے مخصوص کلر استعمال کرنے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا،پہلے فیز میں راوی، شالیمار، سمن آباد، داتا گنج بخش، نشتر ٹاؤن،گلبرگ اور ریلوے ایریا شامل ہوگا۔ دوسرے فیز میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ پہلے فیز میں چھ زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی لاگت کا تخمینہ 74 ارب 15 کروڑ روپے ہے،وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے منظوری دے دی۔

ضرورپڑھیں:وفاقی وزیرداخلہ کا اوورسیز پاکستانیوں کا ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم
بریفنگ  کے دوران بتایا گیا کہ پہلے فیز میں شامل چھ زون کی 93لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام،رابطہ سڑکوں اورپختہ گلیوں کی تعمیر شامل ہوں گی۔سٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہے،ہر زون میں سیوریج اور ڈرینج کے پائیدار نظام کے لئے مکمل ڈسپوزل سسٹم قائم کیا جائے گا۔ 
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈویلپمنٹ پلان کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا گیا۔اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں