اسرائیلی فوج کی بربریت جاری،غزہ میں مزید 95 افراد شہید
اسرائیل نے عالمی عدالت کے حکم اور بین الاقوامی دباؤ کے باوجود غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر حملے کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے،غیرملکی میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)فلسطین میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری۔ غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی فورسز کے حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے عالمی عدالت کے حکم اور بین الاقوامی دباؤ کے باوجود غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر حملے کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید اور 350 زخمی ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 36 ہزار 379 ہوگئی جبکہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 82 ہزار 407 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب خوراک پر اسرائیلی پابندی کے باعث بھوک کی شدت سے دیرالبلح میں 13 سالہ بچہ دم توڑ گیا اور یوں غذائی قلت سے غزہ میں اموات کی تعداد37 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ نیتن یاہو حکومت کے انتہائی دائیں بازو کے 2 وزرا اور اتحادیوں نے حماس سے جنگ بندی معاہدے کی صورت میں حکومتی اتحاد چھوڑنے اور حکومت گرانے کی دھمکی دے دی۔ نیشنل سکیورٹی کے وزیر ايتمار بن غفير اور وزیر خزانہ بیزالیل سموٹرچ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو دھمکی دی ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مکمل خاتمے سے پہلے جنگ بندی کی گئی تو وہ حکومت سے الگ ہو جائیں گے۔
اسرائیلی نیشنل سکیورٹی کے وزیر ايتمار بن غفير کا کہنا ہے کہ ہم حماس کو تباہ کیے اور یرغمالیوں کی واپسی کے بغیر ہونے والی کسی سمجھوتے (ڈیل) کا حصہ نہیں بنیں گے۔ حماس کو ختم کیے بغیر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کا مطلب دہشتگردی کی فتح اور اسرائیل کی شکست ہو گی۔