پاکستان کا ابتک کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس میں سفر کیسا رہا؟

Jun 02, 2024 | 21:02:PM
پاکستان کا ابتک کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس میں سفر کیسا رہا؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اب تک ہونے والے تمام ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس میں قومی کرکٹ ٹیم کا سفر کیسا رہا؟ کس ورلڈ کپ میں کتنے میچ جیتے اور کس مرحلے تک رسائی حاصل کی؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اب ٹک کے ہونے والے 8 ایڈیشنز میں پاکستان نے تین مرتبہ فائنلز اور اتنے ہی سیمی فائنل میچ کھیلے ہیں جبکہ صرف دو بار یہ ٹیم گروپ سٹیج سے باہر ہوئی ہے اور یہی ریکارڈ پاکستان کو ایک مضبوط ٹیم بناتا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2007

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2007 میں پاکستان ٹورنامنٹ جیتنے کا فیورٹ نہیں تھا، تاہم، شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، اور مصباح الحق جیسے کھلاڑیوں نے باؤل آؤٹ میں بھارت سے ہارنے کے باوجود اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا، انہوں نے گروپ مرحلے میں سکاٹ لینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی، لیکن فائنل میچ میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009

وہ پاکستان جو 2007 میں اپنے روایتی حریفوں سے ہار کر ٹائٹل نہیں جیت سکا تھا، 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹائٹل اپنے نام کر لیا، پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں پورے ٹورنامنٹ میں نقابل شکست رہنے والی ٹیم سری لنکا کو فائنل میں شکست دے کر پہلی ٹرافی اپنے نام کر لی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2010 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2010 میں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا شاندار ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے مسلسل تیسری بار سیمی فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی جہاں آسٹریلیا نے انہیں ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا، 196 کا ہدف دینے کے باوجود پاکستان کے باؤلرز مسٹر کرکٹ مائیکل ہسی کی 60 رنز کی شاندار اننگز اور کیمرون وائٹ کے اہم 43 رنز کی بدولت سکور کا دفاع نہ کر سکے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2012 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2012 میں پاکستان لگاتار چوتھی بار سیمی فائنل میں پہنچی جہاں وہ تیسری بار شکست کھاگئی اور اسے میزبان سری لنکا کے خلاف کم سکورنگ مقابلے میں 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2014 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2014 میں پاکستان نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 میں پاکستان گروپ 2 میں چوتھے نمبر پر رہنے کے بعد سپر 10 سے باہر ہو گیا، پاکستان صرف ایک ہی میچ جیتنے میں کامیاب ہوا اور وہ بھی بنگلہ دیش کے خلاف، یہ اب تک کے پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے خراب کارکردگی رہی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پاکستان ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ تھا، بابر اعظم کی زیرقیادت ٹیم نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے ساتھ سیزن کا آغاز کیا، جو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی پہلی جیت تھی، لیکن سیمی فائنل میں پاکستان 175 رنز کے مجموعی سکور کا دفاع نہ کرسکا اور آسٹریلیا نے ایک اوور باقی رہتے ہدف کو حاصل کرلیا، اور پھر آسٹریلیا نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنا پہلا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں پاکستان نے دوسری بار ٹائٹل جیتنے کا موقع گنوا دیا اور اسے انگلینڈ کے ہاتھوں فائنل میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا مضبوط دعویدار رہا ہے، وہ صرف دو بار ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہا ہے، ان کی بیٹنگ لائن اپ میں کچھ پریشانیاں ہیں، لیکن ان کی باؤلنگ یقیناً ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط یونٹ ہے، جس میں کچھ آل راؤنڈرز اچھے سٹرائیک ریٹ پر اہم رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے متاثر کن ریکارڈ کو جاری رکھنے اور 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فتح کے بعد سے 15 سالہ ٹرافی کی خشک سالی کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے، پاکستان کی گیندبازی میں محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، اور حارث رؤف کے ساتھ ساتھ شاداب خان اور عماد وسیم جو بلے اور گیند دونوں سے اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے ایک مضبوط دعویدار کی طرح لگتا ہے۔

کپتان بابر اعظم ٹاپ آرڈر کی قیادت کریں گے اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، صائم ایوب اور اعظم خان کی موجودگی ایک مضبوط بیٹنگ لائن اپ تشکیل دے گی۔