ضم اضلاع کے عوام کیساتھ کئے وعدے وفا کرونگا، علی امین گنڈاپور 

Jun 02, 2024 | 22:01:PM
ضم اضلاع کے عوام کیساتھ کئے وعدے وفا کرونگا، علی امین گنڈاپور 
کیپشن: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عامر شہزاد)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے سابق خاصہ دار فورس کے شہدا کے بچوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ جو وعدے ہوئے ہیں وہ ایک ایک کر کے پورے کریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ضلع خیبر کے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی قبائلی جرگے نے ملاقات کی،ایم این اے اقبال آفریدی اور سابق وفاقی وزیر نور الحق قادری کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے جرگے میں ملک صاحبان اور  عمائدین علاقہ شامل تھے،جرگے نے وزیر اعلیٰ کو علاقے کے مختلف شعبوں سے جڑے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا ،ان مسائل میں صحت، تعلیم ، روڈز انفرا سٹرکچر ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، پینے کا پانی اور دیگر شامل تھے،وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع کی ترقی کیلئے ہونے والی منصوبہ بندی سے متعلق عمائدین کو آگاہ کیا ۔ 

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے سابق خاصہ دار فورس کے شہدا کے بچوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ جو وعدے ہوئے ہیں وہ ایک ایک کر کے پورے کریں گے،وہ وعدہ کریں گے جو پورا کرسکیں،ضم اضلاع کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وعدے سے زائد فنڈز مختص کئے ہیں،ضم اضلاع کو اپنا پورا پورا حق ملے گا، ملک و قوم کیلئے قبائلی عوام کی بے شمار قربانیاں ہیں،پسماندہ اضلاع کو بندوبستی اضلاع کے برابر لانا عمران خان کا وژن ہے، اسے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضم اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں،ضم اضلاع میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو دعوت دی ہے ،لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، صحت و تعلیم کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں ،اگلے سال کے بجٹ میں نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے دیں گے،ضم اضلاع کے نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں میں کوٹہ مختص کریں گے، وزیراعلیٰ پختونخوا نے کہاکہ موجودہ دور میں اتنے ترقیاتی کام ہونگے جو ضم اضلاع کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے ہونگے ،ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز حکومت فراہم کرے گی، کام کے معیار پر نظر رکھنا علاقے کے لوگوں کی ذمہ داری ہے، ترقیاتی منصوبے عوام ہی کے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں، عوام انکی اتنی ہی نگرانی کریں جتنی اپنی ذاتی چیزوں کی کرتے ہیں ،اگر کہیں پر کوئی ترقیاتی کام معیاری نہیں ہو رہا تو  فوری روکیں،عوام میری ٹیم ہیں، منشیات اور کرپشن کے خاتمے  کیلئے میرا دست و بازو بنیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ مائننگ کیلئے نئی پالیسی لا رہے ہیں ، جن علاقوں میں مائننگ ہوتی ہے ان علاقوں کو پوار پورا حق دیا جائے گا ، علاقے کی ضرورت کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے ،علاقے کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے، کس علاقے میں کونسا منصوبہ شروع کیا جائے،ضم اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں ، جب علاقے میں امن ہوگا تو ترقی بھی ہوگی اور خوشحالی بھی،ضم اضلاع کے سابق خاصہ داروں کے جو مسائل ہیں وہ حل کیے جائیں گے ، وفاقی حکومت ضم اضلاع کے پورے پیسے ادا نہیں کر رہی،صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے عوام میرا ساتھ دے، صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے  ہر فورم پر آواز اٹھا رہا ہوں ، اور اٹھاتا رہوں گا، ملک پر انہی لوگوں کو دوبارہ مسلط کیا گیا ہے جن کی وجہ سے ملک اس نہج پر پہنچا ہے ۔

جرگے نے ملاقات کیلئے وقت دینے اور مسائل توجہ سے سننے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ کیا، جرگے نے صوبے خصوصاً ضم اضلاع کے حقوق کیلئے موثر آواز اٹھانے پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین کیا،جرگےنے بجلی کے معاملات سمیت صوبے کے حقوق کیلئے وزیر اعلیٰ کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔