(24نیوز) تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے اپنے باغی ارکان کی پٹائی کرڈالی۔
تفصیلات کےمطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے3 باغی ارکان کریم بخش گبول، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے، حکومتی ارکان نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جس پر پی ٹی آئی ارکان آگ بگولہ ہوگئے۔سندھ اسمبلی میں باغی ارکان کے آنے پر پی ٹی آئی کے پہلے سے موجود ارکان نے شور شرابا شروع کردیا اور آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، پی ٹی آئی ارکان نے باغی ارکان کی خوب پٹائی لگائی جس پر پیپلزپارٹی ارکان بیچ بچاؤ کےلئے آگئے۔بعد ازاں سپیکر نے ایوان میں ہلڑ بازی کے بعد اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے لئے جمع ہوئے تو اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور صحافیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد وہ میڈیا سے گفتگو نہیں کرسکے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ان تین ارکان نے سینٹ الیکشن میں پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ان کا الزام ہے کہ گورنر ہاؤس میں امیدواروں کو سینٹ کے ٹکٹ بانٹے گئے، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نے ان کے اغوا کا دعویٰ کیا تھا جس پر ان تینوں ارکان کی گزشتہ روز ویڈیو سامنے آئی۔