آسیب کا خوف، ماں نے بیٹی کو موت کی وادی پہنچادیا

Mar 02, 2021 | 16:50:PM

(24نیوز)سری لنکا میں  ماں نے اپنی بچی کو خود ساختہ آسیب سے نجات دلانے کے لئے جعلی جلاد عاملہ کے حوالے کردیا جس نے بہیمانہ تشدد کرکےمعصومہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

 میڈیارپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں پیش آیا۔ بچی کی ماں کا خیال تھا کہ اس کی 9 سالہ بچی کو کسی آسیب نے جکڑ لیا ہے۔اس سے نجات دلانے کے لئے وہ اسے علاقے کی ایک عورت کےپاس لے گئی جو جادو ٹونا کرنے کے لئے مشہور تھی۔پولیس کے مطابق جعلی عاملہ نے بچی کو چھڑی سے نہایت بے دردی سے پیٹا اور اس دوران ماں سامنے کھڑی دیکھتی رہی۔بہیمانہ تشدد کے دوران بچی ہوش و حواس سے بیگانہ ہوگئی جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ہسپتال عملے نے بچی کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کے مطابق بچی کو نہایت بہیمانہ طریقے سے پیٹا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی، پولیس نے جادو ٹونا کرنے والی عورت اور ماں دونوں کو گرفتار کرلیا تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ دونوں پر کن جرائم کی دفعات عائد ہوں گی۔

پولیس کے مطابق اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے کئی واقعات ہوچکے ہیں، پولیس نے عوام کو ایسے ڈھونگی عاملوں سے محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔

 

مزیدخبریں