(24نیوز )تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست دائر کردی ۔
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب اور کنول شوزب نے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی یوسف رضا گیلانی انتخابی عمل میں کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانینے انکی جانب سے ارکان اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ سمجھایا، علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اعتراف جرم بھی کیا اس لئے الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دے ۔
ادھر الیکش کمیشن نے ویڈیو لیک ہونے کے معاملے کا نوٹس بھی لے لیا۔اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچی تھی ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔
خیال رہے کہ علی حیدر گیلانی کا اپنی ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر موقف سامنے آیا ہے جس کے مطابق ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔
ویڈیو کا شاخسانہ... گیلانی کی نااہلی کی درخواست دائر ، الیکشن کمیشن کا تحقیقات کا فیصلہ
Mar 02, 2021 | 22:27:PM