(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ سے مڈل کلاس کی کمر ٹوٹ رہی ہے، ظالم اور نالائق حکومت روزانہ نیا بوجھ قوم پر ڈال رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے سے انتہائی مہنگی بجلی کے ہر یونٹ پر مستقل 3 روپے 23 پیسے کا نیا سرچارج ظلم ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جو لوگ بل دے رہے ہیں وہ چوری کرنے والوں کا بوجھ بھی اٹھاتے ہیں یہ ٹیکس صرف بل دینے کی سزا ہے۔
واضح رہے کہ بجلی کے صارفین سے سالانہ 335 ارب روپے سر چارج لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس فیصلے کی ای سی سی نے منظوری دے دی۔
اس اضافے کے تحت بجلی کے صارفین سے 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ سر چارج وصول کیا جائے گا۔