(24 نیوز) قذافی سٹیڈیم میں آج پھر چوکے، چھکے لگیں گے، پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیموں کے کوچز اور کھلاڑی اپنی اپنی جیت کیلئے پرامید ہیں۔
پاکستان سپر لیگ 8 کے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج قذافی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے، میچ قذافی سٹیڈیم میں شام 7 بجے شروع ہوگا، آج کا میچ قذافی اسٹیڈیم کی پچ نمبر 1 پر کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سہارا مل گیا، تین غیرملکی کھلاڑیوں نے اسکواڈ جوائن کرلیا
کوئٹہ کے جارحانہ بلے باز افتخار احمد نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے ٹیم کم بیک کرے، انہوں نے لاہور کے کراؤڈ کی بھی خوب تعریف کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آج جیسن رائے کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا۔
لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے ٹیم کی باؤلنگ کو مضبوط قرار دیا ہے، اپنی بیٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ تیزی سے رنز کروں اور ٹیم کی فتح میں اپنا کردار ادا کروں۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر فتوحات کی ہیٹ ٹرک کر پائیں گے؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ عمر گل کو نسیم شاہ اور محمد حسنین سے بہت امیدیں ہیں، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جوڑی عمدہ کارکردگی دکھائے گی، کوشش ہو گی کہ ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے۔
واضح رہے لاہور قلندرز کی ٹیم اس وقت پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔