(24 نیوز ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو بڑے مارجن سے شکست دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار محمد گستاسپ خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ان کے داماد نے غلط گائیڈ کیا .
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد سنی اتحاد کونسل کے رہنما محمد گستاسپ خان کا 24 نیوز کے اینکر سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کو شروع سے ہی غلط گائیڈ کیا گیا ، ان کے حلقہ میں موجود آپریٹرز سمجھتے تھے کہ میدان خالی ہے اور ان کی کامیابی میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہو گی ، یہاں تک کہ جب میں نے الیکشن کے دن انتخاب شروع ہوتے ہی لیڈ لے لی اور آخر تک وہ لیڈ 25 ہزار ووٹوں تک گئی تو ان کے آپریٹرز جو کہ ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر تھے انہیں اس بات کا یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ کیسے ہو گیا؟
محمد گستاسپ خان نے مزید بتایا کہ حلقے میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوا کسی قسم کی کوئی خرابی پیش نہیں آئی ، اگر کسی قسم کی خرابی ہوتی بھی تو وہ ہمارے خلاف ہی ہونی تھی کیونکہ ہم اپوزیشن تھے جبکہ حکومت اور حکومتی حلقے ان کی طرف تھے ، سرکاری محکمے ان کی مدد کر رہے تھے لیکن عوام نے عمران خان کا ساتھ دیا، میں اس سے قبل صوبائی اسمبلی کیلئے کئی بار منتخب ہو چکا ہوں اپوزیشن لیڈر بھی بنا لیکن قومی اسمبلی کیلئے پہلی بار منتخب ہوا ہوں۔
واضح رہے گستاسپ خان نے 105259 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 80413 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔