عمران خان، ٹرمپ کے یوکرینی صدر کیساتھ رویے سے سیکھیں:امیر مقام

Mar 02, 2025 | 20:42:PM
عمران خان، ٹرمپ کے یوکرینی صدر کیساتھ رویے سے سیکھیں:امیر مقام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سبحان اللہ خان ) وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹرمپ کے یوکرینی صدر کے ساتھ رویے سے سبق سیکھنا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ عمران کے خطوط کا انجام صرف باسکٹ ہی ہوگا، کوئی پڑھنے والا نہیں، عوام ذاتی مفادات پر مبنی اتحادوں کو خوب جانتی ہے اگر اتحاد بنانا ہے تو دہشت گردی، معاشی استحکام اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بنائیں۔

امیر مقام نے کہا کہ اپوزیشن کو سول ملٹری الائنس ہضم نہیں ہو رہا، اگلے عام انتخابات 2029 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن انتظار کرے، وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی بحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

انھوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، برآمدات میں اضافہ اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بحالی حکومت کی کامیابی کا ثبوت ہیں، مسلم لیگ (ن) عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سوشل ویلفیئر کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے جا رہے ہیں، نواز شریف کا وژن پاکستان کو ترقی کی راہ پر واپس لانا ہے۔

امیر مقام کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی حکومت نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال چکی ہے، اپوزیشن کے حالیہ اتحاد ذاتی مفادات پر مبنی ہیں، عوام ان کے اصل عزائم سے واقف ہیں اگر حقیقی اتحاد بنانا ہے تو ملک میں دہشت گردی، بے روزگاری اور معاشی استحکام کے لیے بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سول ملٹری الائنس ہضم نہیں ہو رہا، بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہی ہے۔پی ٹی آئی حکومت کے پاس خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں۔

ایم این اے مسلم لیگ ن کے مطابق پی ٹی آئی صرف اقتدار کے حصول میں مصروف ہے، عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کی حقیقت جان چکے ہیں، ان کی مقبولیت تیزی سے گر رہی ہے۔اوورسیز پاکستانیوں نے بھی پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔