حد سے زیادہ خود اعتمادی ن لیگ کی شکست کی وجہ بنی:سعید غنی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سلیکٹرز کی مدد سے این اے 249 میں جیتنے کا الزام افسوسناک ہے۔ جہاں ن لیگ جیت جائے وہاں ٹھیک، پیپلزپارٹی جیتے تو ڈیل کا نتیجہ، یہ دہرا معیار نہیں چل سکتا۔حد سے زیادہ خود اعتمادی ن لیگ کی شکست کی وجہ بنی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اگرسلیکٹرز کے بغیرفتح ممکن نہیں تو ن لیگ تین ضمنی الیکشن کیسے جیتی؟ پیپلز پارٹی ضمنی الیکشن جیتے تو اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی کے ساتھ جیتنے کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔ ن لیگ ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ جیتے تو بیانیے کی فتح قرار دیدیا گیا، یہ دہرا معیار کیوں اپنایا جاتا ہے؟انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سیاسی طور پر بلاول صاحب کا قد سب سے بڑا ہے،ایک پولنگ اسٹیشن کا نمبر بتائیں جہاں دھاندلی ہوئی، اگر عملہ میں نے لگوایا ہوتا تو ہر پولنگ اسٹیشن پر ہمارا مارجن زیادہ ہوتا۔ چاہتا ہوں کہ یہ بحث ختم ہو، این اے 249 میں ایک فیصد بھی دھاندلی نہیں ہوئی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ میری اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نے انٹیلی جنس اداروں سے رپورٹ لی ہے کہ پیپلز پارٹی کیسے جیتی ، سب نے یہی جواب دیا کہ آپ کی نالائقی کی وجہ سے جیتی ہے۔کراچی میں حق وسچ کی جیت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن حلقہ این اے 249 کا ریکارڈ فی الفور تحویل میں لے :مریم اورنگزیب