دھاندلی الزامات۔۔ الیکشن کمیشن نے خوشاب ضمنی انتخاب کیلئے بڑے فیصلے کرلئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ڈسکہ،کراچی ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات کے بعد الیکشن کمیشن نے پی پی 84 خوشاب میں ضمنی انتخاب شفاف اور فول پروف بنانے کیلئے بڑے فیصلے کرلئے۔
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 84 میں خورشید عالم کو بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور شکیل احمد کو بطور ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیا ہے، انتخابی میدان میں 9 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔تحریک انصاف کے علی حسین خان ، پاکستان مسلم لیگ نون کے محمد معظم شیر ، پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں جبکہ کالعدم تحریک لبیک کے حافظ محمد اصغر علی انتخاب میں حصہ لیں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان اور محمد الیاس خان بھی میدان میں ہیں۔
پولنگ اسٹیشن پر سے نتائج اور پولنگ ریکارڈ ریٹرننگ افسر تک پہنچانے کیلئے ہر پریزائیڈنگ افسر کیساتھ پولیس اور رینجرز کی مناسب نفری تعینات کی گئی ہے، ہر پولنگ اسٹیشن کا پولنگ ریکارڈ بحفاظت ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے انتظامیہ کا ایک فوکل پرسن بھی ہمراہ ہوگا۔تمام پولنگ اسٹیشنز کو GIS کے ذریعے جیو ٹیگ کیا گیا ہے، انتخابی عملہ میں 229پریزائیڈنگ آفیسرز، 666 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسراور 666پولنگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔پی پی 84 میں پولنگ اسٹیشن پرسے نتائج اور پولنگ ریکارڈریٹرننگ افسر تک پہنچانے کیلئے ہر پریزائیڈنگ افسر کیساتھ پولیس اور رینجرز کی مناسب نفری تعینات کی گئی ہے۔ہر پولنگ اسٹیشن کا پولنگ ریکارڈ بحفاظت ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے انتظامیہ کا ایک فوکل پرسن بھی ہمراہ ہوگا۔
پی پی 84 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2لاکھ 92 ہزار 687ہے، ایک لاکھ 55ہزار ایک 400 مرد ووٹر ہیں جبکہ ایک لاکھ 37ہزار 583خواتین ووٹرز ہیں۔حلقے میں کل 229پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں سے 27 مردانہ پولنگ اسٹیشنز، 26خواتین پولنگ اسٹیشنز اور 176 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔پی پی 84 میں 14پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار، جبکہ 43 حساس اور 172نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔حلقے میں 2800سے زائدپولیس اہلکاران جبکہ500 سے زائد رینجرز کے جوان تعینات کئے گئے ہیں، تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر CCTVکیمرے نصب کئے جائیں گے۔