کسی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسروں کی تذلیل کرے، چیف سیکرٹری پنجاب سیالکوٹ واقعہ پر کھل کر بول پڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سیالکوٹ کے رمضان بازار میں اے سی سونیا صدف کیساتھ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے رویہ پر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ سیالکوٹ کے رمضان بازار میں انتظامی افسر کے ساتھ غیر مہذب برتاؤ کی مذمت کرتے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران سخت گرمی اور کورونا کی وبا کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں،کسی بھی سرکاری افسر یا عملے کے ساتھ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔
جواد رفیق ملک نے کہاکہ پنجاب بھر میں انتظامی افسران دن رات عوام کی سہولت کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں جو قابل ستائش ہے،کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے،فیلڈ میں موجود تمام افسران کی انتھک محنت اور جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ میں نے اس افسوسناک واقعہ کے حوالے سے تحفظات وزیر اعلیٰ پنجاب تک پہنچا دئیے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلائی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کررہی ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لے رہی ہیں۔اس دوران فردوس عاشق اعوان نے سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟فردوس عاشق کا کہنا تھاکہ ہر شہر کے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔
دریں اثنا معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی جانب سے رمضان بازار میں سرعام ڈانٹ ڈپٹ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کاکہناہے کہ یہ کوئی طریقہ ہے ہم ذلیل و خوار ہوگئے ہیں یہاں پر،صبح شام ہم یہاں پر ہوتے ہیں یہ کوئی طریقہ نہیں ہے آرام سے بھی بات کر سکتے ہیں ۔
سونیا صدف نے کہاکہ گرمی کا موسم ہے اگر کوئی پھل خراب ہو بھی گیا ہے اس میں انسانی غلطی بھی ہو سکتی ہے ،ان کاکہناتھا کہ میڈم کو اپنا وزٹ مکمل کرنے دیں پھر ہم نکلتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے قبل دونوں ملکوں کےسفیروں کی ملا قات۔۔اہم گفتگو