(24نیوز)روپے کی قدر میں پھر کمی،انٹربینک میں امریکی ڈالر 16 پیسے مہنگا ہوگیا،انٹربینک میں ڈالر 283.84 روپے سے بڑھ کر 284 روپے پر پہنچ گیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 290 روپے پر برقرار رہا،اوپن مارکیٹ میں یورو ایک روپے کمی سے 316 روپے کا ہوگیا، برطانوی پاونڈ 360 روپے پر برقرار، امارتی درہم 45 پیسے کمی سے 78.75 روپے کا ہوگیا جبکہ سعودی ریال 10 پیسے کمی سے 76.50 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب ڈالر کی قیمت 2025 میں مزید بڑھ جائے گی، نئی بڑی پیشگوئی سامنے آ گئی، 2024 سے 2027 کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ کمزور رہے گا، برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کے مطابق اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی طرف سے پاکستان کی کنٹری رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ میں سیاسی عدم استحکام، معاشی کمزوریاں اور سیکیورٹی کو پاکستان کا بڑا مسئلہ قرار دیا گیا ہے، مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ بڑھنے سے موجودہ حکومت اپنی مقبولیت کھوچکی ہے، پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، موجودہ حکومت کا اپنی مدت پوری کرنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ ڈالر 2023 میں 291 روپے رہنے کا امکان ہے جبکہ 2025 میں امریکی ڈالر کی قدر 302 تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے،پاکستان میں شرح سود بھی مزید 2 فیصد بڑھ کر 23 فیصد تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے نیا آئی ایم ایف پروگرام لینا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ،مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی مصروفیات،وقت تبدیل