(محسن الملک) جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کا بحفاظت انخلاء مکمل کر لیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک ہزار پاکستانیوں کو سوڈان سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کا بحفاظت انخلاء مکمل کر لیا گیا ہے اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کامیابی سے بحفاظت ایک ہزار پاکستانیوں کو سوڈان سے باہر نکال لیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہاں سے ہمارے انخلاء کی کارروائیاں مکمل ہوگئی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل اور خرطوم میں ہمارے سفارتخانے کی کوششوں سے انخلاء ممکن ہوا۔ اس انخلاء میں سعودی عرب اور چین سمیت جدہ اور اسلام آباد میں ہماری ٹیموں کا بھرپور تعاون رہا اور آخری پاکستانی کی بحفاظت واپسی تک جدہ کے راستے انخلاء کا عمل جاری رہے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر اب تک 636 شہری اتر چکے ہیں جنہیں جدہ کے راستے پاک فضائیہ کی پانچ خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا گیا۔
پی آئی اے کی ایک اور پرواز 93 مزید شہریوں کو اسلام آباد لے کر آئی، جس سے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کی تعداد 729 ہوگئی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ حکومت نے دیگر ممالک کے برعکس پہلے عام شہریوں اور پھر سفارتکاروں کو وطن واپس بھیجنے کیلئے انخلاء کی پالیسی بنائی۔