وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد کی ملاقات

May 02, 2023 | 22:10:PM

(24 نیوز) وزیرِ اعظم سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے انور الحق کو آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا عھدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

 وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا، 5 اگست 2019 بھارت کا غیر قانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی، ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

۔۔

مزیدخبریں