(طیب سیف)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا اور چیف الیکشن کمشنرکے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے سیکرٹری جنرل عمر ایوب ، شبلی فراز ، روف حسن ، مہر بانو قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم 180 سیٹیں جیتے ہوئے ہیں ،ہم نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ،پورے پاکستان میں ہماری اب تک 158 پٹیشن دائر ہو چکی ہیں ،آج ہم وائٹ پیپر جاری کرنے جا رہے ہیں 300 صفحات پر مشتمل یہ وائٹ پیپر ہے ۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہاکہ ہم جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کے مطالبات سامنے رکھ رہے ہیں،ان کاکہناتھا کہ تین دنوں میں بانی تحریک انصاف کو 5 سزائیں سنائی گئیں ۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہاکہ جن جن حلقوں کی نشاندہی ہم نے بارہا کی ہیں ،اگلے ہی روز فارم 47 کے ذریعے تبدیلی کی گئی ،پاکستان تحریک انصاف کے ووٹوں کو تبدیل کیا گیا ،کنول شوذب ، مہر بانو قریشی ان کو ہرایا گیا ،ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں ،ان کاکہناتھا کہ ضمنی انتخابات میں بھی کھلی دھاندھلی کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہناتھا کہ اس بار کے جو الیکشن ہوئے پہلے سے کافی لمبا پروگرام تھا ،پہلے جب آئین کی دھجیاں اڑائی گئی جب ہم نے کے پی اور پنجاب سے استعفیٰ دیئے ،90 روز میں الیکشن نہیں کروائے گئے ،16 ماہ میں ملک کی معاشی لحاظ سے شدید تباہی ہوئی ۔ان کا کہناتھا کہ جب جنرل الیکشن کا اعلان ہوا تو امیدواروں سے کاغذات چھینے گئے ،ہم سے ہمارا انتخابی نشان چھینا گیا ،ہم نے آزاد حیثیت سے مختلف انتخابی نشانوں کے ذریعے الیکشن لڑا،ہم نے تین کروڑ سے زیادہ ووٹ حاصل کئے،عوام نے ووٹوں کے ذریعے اپنا حق ادا کر دیا ،لیکن ہمارے ووٹ ہارنے والوں کے کھاتے میں ڈال کر انہیں جتوایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن سے بڑا استعفیٰ آ گیا