کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسر مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسر کو مشتبہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
علاقے کے ایس ایچ او حاجی ثناء اللہ نے بتایا کہ 40 سالہ فرقان اختر دفتر سے اپنی موٹرسائیکل پر منگھوپیر میں واقع حب فلٹر پلانٹ کا دورہ کرنے کے لیے نکلے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے ان سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ افسر نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی فائرنگ کا واقعہ ،ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا
فرقان اختر کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا سپروائزر بتایا جاتا ہے، انہیں شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو بھی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دکاندار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
اس کے بعد مشتبہ ڈاکو کو مشتعل ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ بعدازاں وہ دم توڑ گیا تھا۔