میں ٹوئٹر بلیو ٹک سے کیسے باہر نکل سکتا ہوں ؟

عامر رضا خان 

Nov 02, 2022 | 12:36:PM

Amir Raza Khan

میں ٹوئٹر بلیو ٹک سے کیسے باہر نکل سکتا ہوں ؟ یہ تھا سوال جو ایک دوست کا صبح فون آتے ہی مجھ پر داغ دیا گیا میں نے کہا کیا ہوا بھائی لوگ بلیو ٹک کے حصول کے لیے پریشان ہوتے ہیں حیلے بہانے ایسی پوسٹ کرتے ہیں جو لوگوں کی توجہ حاصل کرےاور ایک تم ہو کہ بلیو ٹک سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہو ، فون کال پر دوست نے طویل ٹھنڈی آہ بھری اور بولا خدا جانتا ہے کہ کیا کیا پاپڑ بیلے اس بلیو ٹک کے لیے نا چاہتے ہوئے بھی اپنے ضمیر کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے حق میں پوسٹس کیں تاکہ اس گروپ میں شامل ہوجاؤں ،جہاں "بوٹ " آپ کو لائیک بھی کرتے ہیں اور پرموٹ بھی ،ضمیر کی اس موت کے باوجود ایک ہی خواہش تھی کہ بلیو ٹک ملے اور میں بھی معاشرے میں سر اٹھا کر کہوں میں ٹوئٹر بلیو ٹک ہولڈر ہوں یہ ٹک مل گیا اور میں نے دوستوں کو کھانا بھی کھلایا لیکن اب ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے وہ خبر سنائی ہے کہ میں ساری رات سو نہیں سکا ۔

کیا کہا ہے ایلون مسک صاحب نے ؟ میں نے جوابی سوال اٹھایا تو پھر وہی ٹھنڈی آہ اور دوست بولا بھائی ایلون مسک نے ٹوئٹر بلیو ٹک کی قیمت طلب کر لی ہے پہلے ایک تجویز نما ٹوئیٹ میں 20 ڈالر اس بلیو ٹک کی قیمت بارے پوچھا بڑے بڑے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہولڈر سامنے آئے اور ایلون مسک کو کھڑی کھڑی سنائیں ۔ایلون مسک کو کچھ رحم آیا اور اس نے فائنل 8 ڈالر میں ڈیل ڈن کر لی ہے اُس کا کہنا ہے کہ خرچ بڑھ گیا ہے اشتہارات سے آمدن نہیں ہورہی اس لیے ٹوئٹر ڈیجیٹل سپیس استعمال کرنے والوں کو اس کی قیمت بھی ادا کرنا ہوگی ۔

میں دل ہی دل میں دوست کی بے بسی پر اور اپنی بے حسی کے باعث ہنس رہا تھا، شاداں تھا کہ میں بلیوٹک نہیں ہوں ، دوست سے پوچھا تم کیوں اتنے پریشان ہو تو وہ بولا " دنیا بھر میں ٹوئٹر کے بلیو ٹک ہولڈرز کی تعداد 22 کروڑ 30 لاکھ کے لگ بھگ ہے اگر اس رقم کو ڈالرز میں ضرب دی جائے تو 8 ڈالر کے حساب سے ایک ارب 78 کروڑ اور 40 لاکھ امریکی ڈالر بنتے ہیں اور اگر اسے پاکستانی روپے میں تبدیل کیا جائے تو 3 کھرب 92 ارب چار سو 80 کروڑ بنتے ہیں ، سچ پوچھو میں ساری رات نہیں سویا اتنی بڑی رقم ہماری جیبوں سے نکل کر ایلون مسک کے پاس جارہی ہے اسے روکنا ہوگا ، میں دل ہی دل میں ہنس رہا تھا اس لیے اسے کہا تم کیوں روکو گے تمہیں تو مہینے کے کم و بیش ایک ہزار سات سو چھہتر روپے دینے ہیں ۔ 

24نیوز کی طرف سے  کیے گئے آن لائن سروے میں ٹوئٹر صارفین نے ایلون مسک کے اعلان کو مسترد کردیا ہے۔

وہ جواباً بولا" ہم کوئی غلام ہیں" کوئی بھیڑ بکریاں ہیں کہ جو جو ایلون مسک کہیں وہ مان لیں میں عمران خان چیئرمین تحریک انصاف سے کہوں گا اپنے "لانگ مارچ" کا رخ اسلام آباد کے بجائے ایلون مسک کی طرف موڑیں ایلن مسک کے خلاف بھی وہی الزامات لگائیں جو وہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت پر لگاتے ہیں دو ایک مرتبہ اسے علی امین گنڈا پور کی آڈیو ، فیصل واوڈا کی میڈیا کانفرنس اور پشاور میں خریدی گئی پولیس مار غلیلیں دکھائیں تو ایلون مسک ڈر جائے گا اور یوں ہمارے آٹھ ڈالر بچ جائیں گے۔

میں نے کہا بھائی یہ لانگ مارچ  نہیں " کچھوا مارچ " ہے پانچ دن میں لاہور سے اسلام آباد پہنچا ہے اگر یہ ٹیکساس میں ایلون مسک کی جانب بڑھا تو ایک صدی درکار ہوگی اگر تمہیں 8 ڈالر بچانا ہیں تو بلیو ٹک سے نکل جاؤعمران خان صاحب پہ نہ رہنا جاگتے رہنا ۔

مزیدخبریں