اداکارہ نرگس کوشوہرنے تشدد کا نشانہ کیوں بنایا؟ وجہ سامنے آ گئی
شوہر ماجد بشیر فارم ہاؤس ،نقدی اور زیورات گن پوائنٹ پر لینا چاہتا تھا،اداکارہ کاالزام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لاہور میں اداکارہ نرگس کو شوہر کی جانب سے مبینہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کیخلاف پولیس نے تشدد اور قتل کی دھمکیوں کا مقدمہ درج کرلیا ۔
اداکارہ نرگس پرتشدد کا واقعہ ان کی ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ پر پیش آیا،اداکارہ کا الزام ہے کہ شوہر انسپکٹر ماجد بشیر نے سرکاری پستول کے بٹ مار کر تشدد کیا اور بالوں سے گھسیٹ کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا، متاثرہ اداکارہ کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس سی میں شوہر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق اداکارہ نرگس نے الزام عائد کیا کہ شوہر ماجد بشیر اس کی جائیداد کے کاغذات، کیش اور فارم ہاؤس اپنے نام کروانا چاہتا تھا، ملزم 9 کنال کا پلاٹ بھی ہڑپ کرنا چاہتا ہے،ایسا کرنے سے انکار پر اس نے تشدد کا نشانہ بنایا،سرکاری پسٹل سے چہرے پر لگاتار وار کیے اور گھریلو عملے اور بھانجے کے سامنے تشدد کیا اور کمرے میں بند کر دیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق نرگس نے بتایا کہ صبح نماز فجر کے بعد ان کا خاوند ماجد بشیر گھر آیا اور بھاری رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خاتون مریم کو گھر لانا چاہتا ہے،نرگس کے انکار پر ان کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے یہ دھمکی بھی دی کہ فارم ہاؤس،سونا اور مزید رقم نہ دی تو وہ اسے قتل کردے گا۔
اداکارہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈٖیا پر وائرل ہے جس میں وہ اپنے جسم پر موجود زخموں کو دکھارہی ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ نرگس پر تشدد کا واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا لیکن تاحال ملزم انسپکٹر ماجد بشیر کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
اداکارہ نرگس نے چند برس پہلے انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کی تھی،وہ شادی کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ کر بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں۔
اس سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ جھگڑے کے بعد اداکارہ نرگس گزشتہ رات تھانے بھی آئیں لیکن کوئی درخواست نہیں دی تھی۔