عورت کواس کی مرضی کے مطابق جینے کا اختیارہونا چاہیے،فائزہ گیلانی
جو لوگ عورتوں کے حق میں آواز اُٹھا رہے ہیں انہیں معلوم ہی نہیں کہ ان کےساتھ کیا ہورہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)اداکارہ فائزہ گیلانی نے کہا ہے کہ عورت کواس کی مرضی کے مطابق جینے کا اختیار ہونا چاہیے، کسی عورت کو یہ نہ سکھایا جائے کہ اسے زندگی کس طرح جینا چاہیے۔
اداکارہ فائزہ گیلانی حال ہی میں عفت عمر کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے فیمنزم سمیت مختلف موضوعات پربات کی۔
فائزہ گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں فیمنسٹ ہوں مگر جو لوگ عورتوں کے حق میں آواز اُٹھا رہے ہیں،انہیں معلوم ہی نہیں کہ عام عورتوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور انہیں تو ساری آسائشیں،آزادی اورسہولیات ملی ہوئی ہیں۔
اس پرعفت عمر نے اداکارہ سے سوال کیا کہ کیا آپ کبھی عورت مارچ میں گئی ہیں، یا صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے سلوگن پڑھ کر آپ نے اندازہ لگا لیا ہے۔
فائزہ گیلانی نے بتایا کہ وہ کبھی عورت مارچ میں نہیں گئیں مگر وہ صرف یہ کہنا چاہتی ہیں کہ اگرعورت نقاب کرنا چاہے تو کرے، دوپٹہ سر پر اوڑھنا چاہے تو اوڑھے، گلے میں اوڑھنا چاہے یا جینز پہننا چاہے تو اسے پہننے دیا جائے۔
میزبان عفت عمرنے کہا کہ ہم یہی کہتے ہیں کہ عورتوں کو مساوی حقوق دیئے جائیں، اگر کام کرنا ان کی خواہش ہے تو انہیں روکا نہ جائے اور اگر انہیں گھر میں رہنا پسند ہے تو یہ ان کی اپنی مرضی ہونی چاہیئے۔
فائزہ گیلانی نے میزبان کی بات پراتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بس خواتین کو یہ نہ سکھایا جائے کہ انہیں کیسے جینا ہے،انہیں ان کی مرضی کے مطابق رہنے کا اختیار ہونا چاہیے۔
سوشل میڈیا پرفائزہ گیلانی کا یہ انٹرویو کلپ وائرل ہوا ہے جس پرصارفین کی جانب سے فیمنزم کے خلاف اورحق میں تبصرے کئے جارہے ہیں،کسی کا کہنا ہے کہ یہ عورتیں فیمنزم کے نام پربےحیائی کرنے کی اجازت چاہتی ہے جبکہ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق خواتین کو بھی اتنا ہی ہے جتنا مردوں کو ہے۔