(ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 174 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ہنگامہ آرائی میں 180 سے زائد شائقین زخمی بھی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کنجوروہن اسٹیڈیم جاوا میں ہونے والے لیگ میچ میں اریما ایف سی کو پرسیبا سورابایا نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تو اریما ایف سے کے سپورٹر نے مشتعل ہوکر گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی شروع کردی۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ میں سپورٹرز کے آپس میں جھگڑے کے بعد پولیس نے پرہجوم اسٹینڈز میں آنسو گیس کے شیل پھینکے اور فائرنگ کی تو بھگدڑ مچ گئی۔
انڈونیشیا کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت سانس گھٹنے اور بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ہوئی۔
لیگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد نے اریما کلب کے کئی کھلاڑیوں پر بھی حملہ کیا، تمام کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر منتقل کردیا گیا۔
انڈونیشین فٹبال لیگ کے صدر احمد ہادیان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کے لیے تمام میچز معطل کردیے ہیں۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ہم سب کے لیے ایک قیمتی سبق ہوگا۔