وزیراعلیٰ پنجاب کی کنڈل چیک پوسٹ حملے میں شہید اہلکار کے گھر آمد، اہم اعلان کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پنجاب حکومت نے کنڈل چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید اہلکار کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی میانوالی میں عیسیٰ خیل کنڈل چیک پوسٹ پر د ہشتگردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار ہارون الرشید خان کی رہائشگاہ آمد ہوئی،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکار ہارون الرشیدخان کی والدہ،بھائیوں،اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی ،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اہل خانہ کو دلاسہ دیا اور بچوں سے پیا ر کیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا، شہید ہارون الرشیدخان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رہائشگاہ جانے والی سڑک کو شہیدہارون الرشید خان کے نام سے منسوب کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ 4کلو میٹر طویل سڑک کی فوری طور پر تعمیر و مرمت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ شہید ہارون الرشید خان کے دونوں بچوں کو بہترین سکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا،پنجاب حکومت شہید کے دونوں بچوں کی تعلیم کے اخراجات ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہید ہارون الرشیدخان کی والدہ کو دلاسہ دیا اور ان کے صبر و حوصلے کو سراہا، وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے شہید کی والدہ نے کہاکہ مجھے شہید ہارون الرشیدخان کی ماں ہونے پر فخر ہے،ہارون الرشید کی طرح میں اپنے 4بیٹے بھی وطن پر قربان کردوں۔
محسن نقوی نے کہاکہ پوری قوم کو شہید ہارون الرشید خان کی بہادری پر فخر ہے،آپ ایک بہادر ماں ہیں،اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت اور حوصلہ دے،شہید ہارون الرشیدنے بہادری کی بے مثال داستان رقم کی،ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اورہارون الرشید خان بھی ہمیشہ زندہ رہیں گے،میں شہید ہارون الرشید کی والدہ اور دیگر اہل خانہ کے حوصلے کوسلام پیش کرتاہوں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر سرگودھا، آرپی اوسرگودھا، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور ڈی پی او بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دریں اثنا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے میانوالی کی عیسیٰ خیل کنڈل چیک پوسٹ پہنچ گئے ،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کنڈل چیک پوسٹ کو شہید ہارون الرشید خان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا اور چیک پوسٹ کے ارد گرد حفاظتی دیوار بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے والے پٹرولنگ پولیس کے جوانو ں سے مصافحہ کیا،شاباش اور انعامات دئیے،وزیراعلیٰ نے پٹرولنگ پولیس کے جوانوں کے ہمت و حوصلے کو سراہا ،وزیراعلی محسن نقوی نے جوانوں کے ساتھ مل کر ہارون الرشید شہید زندہ باد،پنجاب پولیس زندہ باداورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے،
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے والے جوان ہمارا فخر ہیں،آپ نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک پوسٹ کا جائزہ لیا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نشانات دیکھے ، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک پوسٹ کی چھت پر بھی گئے اور جوانوں سے بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول سستا کرکے حکومت نے عوام کو 420 وولٹ کا جھٹکا دیدیا