بلوچستان میں زلزلے کی پیشگوئی، انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا

Oct 02, 2023 | 20:20:PM

(عیسیٰ ترین) ترکیہ میں زلزلے سے قبل پیشگوئی کرنیوالے ڈچ سائنسدان کی کوئٹہ و چمن میں زلزلے کی پیشگوئی کے بعد کوئٹہ کے شہریوں میں بے چینی پر کوئٹہ انتظامیہ نے مؤقف جاری کردیا۔

اس حوالے سے کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقت نے کہا ہے کہ ڈچ سائنسدان کی کوئٹہ و چمن میں زلزلے کی پیشگوئی سے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے، عوام کی جانب سے بار بار رابطہ کرنے پر پریس ریلیز جاری کررہے ہیں۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے سے متعلق پیشگوئی کے بعد سے فرضی مشقیں کررہے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے، ایف سی، آرمی، سول انتظامیہ، لیویز اور پولیس سمیت تمام ادارے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں شدید زلزلے کا خطرہ

حمزہ شفقت نے بتایا کہ بناء نقشوں کے پلازے اور بوسیدہ تعمیرات کیخلاف پہلے سے ہی کارروائی کا آغاز کیا جاچکا ہے، چوبیس گھنٹے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم زلزلے کے صحیح وقت یا شدت کا اندازہ نہیں لگا سکتے لیکن رہائشیوں کیلئے باخبر رہنا اور تیار رہنا ضروری ہے۔

مزیدخبریں