ایوارڈ دینے والوں کو کام کرنےوالے فنکارنظر ہی نہیں آتے،فضیلہ قاضی
شکرہے میرے شوہر کو ایسے دور میں صدارتی اعزاز ملا جب کام دیکھ کرایوارڈملتے تھے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سینئراداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں صدارتی ایوارڈز سفارشوں سے ملتے ہیں اور ایوارڈ دینے والوں کو کام کرنے والے اداکار نظر ہی نہیں آتے۔
فضیلہ قاضی نے اپنے شوہر و سینئر اداکار قیصرخان نظامانی کے ہمراہ نجی ٹی وی کے مزاحیہ شومیں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں مختلف امور پر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں قیصرخان نظامانی نے کہا کہ مجھے حکومت پاکستان نے ایسے دور میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا تھا جب صرف کام کی بنیاد پر فنکاروں کو ایوارڈز ملتے تھے،مجھے اپنے کام،مداحوں اور خاندان کی بدولت صدارتی ایوارڈ ملا تھا اور میں اس ایوارڈ کے لیے پاکستان کا بےحد شکر گزار بھی ہوں۔
فضیلہ قاضی نے بات کوآگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ صدارتی ایوارڈ ملنا بڑی کامیابی ہوتی ہے اور فنکاروں کو ایسے ایوارڈز ملنے پر فخر بھی ہوتا ہے،شُکر ہے کہ میرے شوہر کو ایسے دور میں صدارتی ایوارڈ ملا جب سفارش کی بنیاد پرنہیں بلکہ فنکار کا کام دیکھ کر ایوارڈ دیا جاتا تھا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ٹی وی چینلزسمیت مختلف افراد صدارتی ایوارڈز کے لیے سفارش کراتے ہیں جس کے لیے ہر فنکار کی فائل بنائی جاتی ہے،میری فائل بھی گزشتہ پانچ سال سے ایوارڈ کے لیے پڑی ہوئی ہے لیکن ایوارڈ دینے والوں اور سفارش کرنے والوں کو میری فائل نظر ہی نہیں آتی،کیبنٹ ڈویژن میں نہ جانے کون لوگ بیٹھے ہیں جنہیں کام کرنے والے فنکار نظر ہی نہیں آتے۔