(اویس کیانی) ڈی چوک میں متوقع احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوری طور پر اضافی نفری اور ساز و سامان طلب کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پنجاب اور سندھ پولیس سے 3، 3 ہزار اہلکار مانگے ہیں جبکہ 4 ہزار ایف سی اہلکاروں کی فوری فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے، پنجاب کانسٹبلری سے 10 ہزار آنسو گیس شیل اور 500 ٹیر گیس بندوقوں سمیت اینٹی رائٹس کٹس بھی طلب کی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے وزارت داخلہ کو ہنگامی بنیادوں پر سیکیورٹی فورسز اور مطلوبہ ساز و سامان فراہم کرنے کی درخواست کی ہے، جس پر وزارت داخلہ نے فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا راولپنڈی کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کا فیصلہ
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث ممکنہ کشیدگی سے نمٹنے کیلئے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔