(24نیوز) عالمی شہرت یافتہ اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے صاحبزادے شیخ فاروق نائیک کے ہمراہ آج نجی ایئر لائن کے ذریعے کراچی پہنچ گئے جہاں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم نے ایئرپورٹ پر ان کا پُرجوش استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اپنے قیام کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک کی گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ ازیں ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی کے مختلف مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جس کا مقصد اسلامی تعلیمات کو فروغ دینا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو بڑھانا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک جامعہ بنوریہ عالمیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ علمائے کرام اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے طلباء سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 اور 6 اکتوبر کو کراچی کے بحریہ آڈیٹوریم میں عوامی خطابات کریں گے۔ ان خطابات میں وہ اسلامی تعلیمات اور عصری مسائل پر روشنی ڈالیں گے۔ یہ خطابات عوام الناس کے لیے کھلے ہوں گے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔