(24نیوز)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے فلسطینی بچوں کی بحالی کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے، جس سے غزہ کے بچوں کو بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی اور ساتھ ہی ملالہ نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امدادی رقم فلسطینی بچوں کی بحالی کیلئے کام کرنے والی انسانی حقوق کی تین تنظیموں کنڈر یو ایس اے، اینارا اور راوا فنڈ کو دی جائے گی جس سے غزہ کے بچوں کو کھانا، صاف پانی، طبی دیکھ بھال اور بے گھر خاندانوں کو خیمے فراہم کیے جائیں گے، ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ فلسطینی بچے شدید صدمے سے گزرے ہیں جن کے گھر اور اسکول تباہ، دوست اور خاندان کے افراد مارے جا چکے ہیں، انہوں نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سال سے ہر روز غزہ کے فلسطینی بچوں کے بارے میں سوچتی ہیں جو شدید اسرائیلی بمباری کی زد میں ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کی جانب سے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں امداد پہنچانے والی تنظیموں کے ساتھ تعاون اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ جاری رکھیں۔