سیّد علی گیلانی کا انتقال ۔۔صدر عا رف علوی ۔شاہ محمودقریشی ۔بلاول بھٹوسمیت دیگر کا اظہار افسوس

Sep 02, 2021 | 00:42:AM

(24نیوز) مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر صدر عارف علوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنماء سے محروم ہو گیا، سید علی گیلانی عمر بھر بھارتی سامراجیت کے خلاف ڈٹے رہے، سید علی گیلانی ایک باہمت، نڈر اور مخلص رہنماء تھے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پرلکھا کہ سیّد علی گیلانی کے انتقال پر پاکستان افسوس کا اظہار کرتا ہے۔وہ تشدد کے باوجود کشمیر کی آزادی کی تحریک میں صدا بلند کرتے رہے۔ وہ قابض انتظامیہ کی طرف سے گھر پر نظر بند ہونے کے باوجود کشمیر کے حقوق کے لیے لڑتے رہے۔ اللہ پاک ان کی روح کو سکون عطا فرمائے اور آزادی کے خواب کو حقیقت بنائے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے رنج او غم کااظہار کرتا ہوں، لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدری؛ کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔ کاش مقبوضہ وادی جا سکوں اور گیلانی صاحب کی تدفین میں شامل ہوسکوں۔ پوری کشمیری قوم کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ سید علی گیلانی کشمیر میں آزادی کی تحریک کا دوسرا نام تھے۔ سید علی گیلانی کی زندگی جہدِ مسلسل کا ایک استعارہ تھی۔

جے یو آئی کےسر برا ہ مولانا فضل الرحمان نے بھی سید علی گیلانی کے انتقال کو کشمیر ی قو م کیلئے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہو ئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادر کشمیری رہنما تھے، ان کی آزادی کشمیر کے لیے بے پناہ قربانیاں ہیں، تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زندگی کی آخری سانس تک تحریک آزادی کے لیے آواز بند کرتے رہے۔ یہ خلاء کوئی بھی پر نہیں کر سکے گا۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ٹویٹر پر لکھا کہ سیّد علی گیلانی گزشتہ اور اس صدی کےعظیم مجاہدآزادی، سب سےبڑے پاکستانی اور دنیا بھر کےحریت پسندوں کےلیےامید و حوصلےکا مرکز تھے۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان آج اپنے سب سے وفادار بیٹے سے محروم ہوا ہے۔ بھارتی سامراج کے سامنے ان کی جدوجہد تاریخ میں ایک ضرب المثل کے طور پر ہمیشہ موجود رہے گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر عبد القیوم خان نیازی اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان نے بھی سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خا ن کا سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس ۔۔ایک روزہ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان
 

مزیدخبریں