سیلاب کی تباہ کاریاں؛ صدر عارف علوی کی تمام جماعتوں سے سیاست روکنے کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر صدر مملکت عارف علوی نے تمام جماعتوں سے سیاست روکنے کی اپیل کردی،عارف علوی کاکہناہے کہ سیاست روک کر سیلاب زدگان کی مدد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، تمام حکومتیں اور سیاسی جماعتیں سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں سینئرصحافیوں نے ملاقات کی، صدر مملکت نے تمام حکومتوں اور سیاسی جماعتوں سے سیاست روک کر سیلاب زدگان کی مدد پر توجہ دینے کی اپیل کردی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ سیاست کو روک کر سیلاب زدگان کی مدد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، تمام سٹیک ہولڈرز پاکستانی عوام، کاروباری اداروں، سول سوسائٹی اور انسانی تنظیموں کو متحرک کرنے کیلئے ملک گیر مہم شروع کریں ،ان کاکہناتھا کہ سول اور فوجی انتظامیہ کو سیلاب زدگان کو بچانے ، انکی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر ِ نوکیلئے مدد فراہم کی جائے۔
صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوئی ، پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم کا حصہ دار ہے ،ترقی یافتہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں میں سب سے بڑا حصہ دار ہونے کے ناطے متناسب طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہیے،ان کاکہناتھا کہ اگر تمام سٹیک ہولڈرز متفق ہو جائیں تو رضاکارانہ طور پر ملک کو درپیش اہم سوالات پرسٹیک ہولڈرز کے درمیان ثالثی کرسکتا ہوں ،عدلیہ اور فوج سمیت تمام اداروں کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال نہ کیا جائے ، ایسے تبصرے عظیم تر قومی مفاد میں نہیں ،کوئی بھی تبصرہ، بیانیہ یا تجزیہ جس سے اداروں کے اندر یا پاکستان کے اداروں اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کا اندیشہ ہو، ہمارے قومی مفاد میں ہرگز نہیں ہو سکتا۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں ، صائب الرائے افراد، اور میڈیا پرسنز اداروں پر گفتگو یا تبصرہ کرتے وقت آئین کے آرٹیکل 19 اور متعلقہ قوانین اور ضوابط کی حدود میں رہیں، تقریباً 90 فیصد سوشل میڈیا عوام کو علم، معلومات، تعلیم اور تفریح فراہم کر رہا ہے جو کہ ایک صحت مند رجحان ہے۔ان کاکہناتھا کہ کچھ افراد یا گروہ جو بعض سیاسی جماعتوں یا رہنما کے پیروکار ہیں سیاسی جماعت یا رہنما کے علم یا رضامندی کے بغیر سوشل میڈیا پر ٹرول کرتے ہیں ، صدر مملکت نے کہاکہ بعض افراد یا اداروں کے خلاف توہین اور تضحیک آمیز رجحانات بغیر کسی ثبوت کے سیاسی جماعت یا شخصیت سے منسوب کئے جاتے ہیں ،اس طرح کے غیر تصدیق شدہ الزامات بھی موجودہ سیاسی تقسیم میں اضافہ کرتے ہیں جس سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے ، پاکستان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بین الاقوامی تعلقات کے اصولوں کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے باہمی احترام، عدم مداخلت، عدم جارحیت اور تنازعات کے پرامن حل پر پختہ یقین رکھتا ہے ،پاکستان دوسرے ممالک سے بھی یہی رویہ اپنانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان کے منفرد سٹریٹجک اور جیو اکنامک محل وقوع کی وجہ سے اسے علاقائی اور عالمی طاقتوں نے ہمیشہ اہم سمجھا ہے، قومی مفاد ، ملک کی خودمختاری اور پاکستانی عوام کے وقار کو مقدم رکھتے ہوئے تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے چاہئیں ۔
یہ بھی پڑھیں: امپورٹڈحکومت مہنگائی کم کرنے نہیں، اپنے کیسز ختم کرنے آئی ہے، عمران خان