پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ،کون کس کو کتنی بار پٹخ چکا ہے ؟جانیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حسنین محی الدین) پاکستان اور بھارت دونوں روایتی حریف کے طور پر جانے جاتے ہیں، صرف ایشیا میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں دونوں ملکوں کے درمیان مقابلے کو ہائی وولٹیج قرار دیا جاتا ہے اور بات جب کرکٹ کی ہو تو میدان مقابلے سے کہیں زیادہ جنگ کا منظر پیش کر رہا ہوتا ہے ، صرف کھلاڑی ہی نہیں شائقین بھی ایک دوسرے کیخلاف تنے تنے سے نظر آتے ہیں ۔
اگر بات کی جائے دونوں ٹیموں کے ریکارڈ کی تو آج ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی،اس سے قبل دونوں ٹیمیں 15 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آ چکی ہیں ، جہاں بھارت نے 8 جبکہ پاکستان نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی، یوں ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا فتوحات کے اعتبار سے پلڑا بھاری ہے،آخری ہونے والے دونوں میچز میں بھی پاکستان کو ہی شکست ہوئی تھی ۔
اس مرتبہ حالات مختلف ہیں، پاکستان ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف اپنی کلاس پرفارمنس سے حریف ٹیموں پر اپنی دھاک بیٹھا چکا ہے صرف یہی میچ نہیں بلکہ ایشیا کپ سے قبل افغانستان کے خلاف ہونے والی 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ سے پاکستانی شاہینوں نے ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ، جبکہ بھارت کا رینکنگ میں تیسرا نمبر ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت ٹاکرا،بارش کے امکانات کم ہو گئے
کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو ایک طرف پاکستانی کپتان بابر اعظم ہیں جو کہ اس وقت دنیا کے نمبر ون بیٹسمین ہیں ، تو دوسری جانب ویرات کوہلی ہیں جو اپنی کلاس کی وجہ سے مشہور ہیں لیکن رینکنگ میں وہ بابر سے بہت پیچھے 9ویں نمبر پر ہیں ، پاکستان کے پاس امام الحق کی صورت میں ون ڈے رینکنگ کا تیسرا بہترین بلے باز موجود ہے تو بھارت کے پاس شبمن گل کی صورت میں دنیائے کرکٹ کا چوتھا بہترین بلے باز ہے ، پاکستان کے پاس حکم کے پتے کی صورت میں بائیں ہاتھ کے بہترین بلے باز فخر زمان موجود ہیں جو اس وقت ون ڈے رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں، اپنی بہترین بلے بازی سے وہ کئی بار حریف گیند بازوں کو پریشان کر چکے ہیں اور تو اور حدف کے تعاقب میں بہترین بلے بازی کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے جو کہ انہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف بنایا تھا ، اس میچ میں انہوں نے بہترین 193 رنز کی اننگ کھیلی جو کہ کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے حدف کے تعاقب میں بہترین اننگ جانی جاتی ہے ۔