ایشیا کپ ہائی وولٹیج ٹاکرا، بھارتی سرماؤں کا شاہینوں کو 267 رنز کا ہدف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حسنین محی الدین) ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لئے 267 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاک بھارت میچ میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی بلے بازوں کو بری طرح جھکڑ رکھا ہے بارش نے ابتدائی طور پر بھارتی بلے بازوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن پاکستانی شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کی ایک نہ چلنے دی، شاہین شاہ نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ابتدائی اوورز میں چلتا کیا تو حارث رؤف نے شبمن گل اور شیریاس ایئر کا شکار کیا۔
میچ کے آخری اوورز میں شاہین آفریدی نے ایک ہی اوور میں 2 وکٹیں اڑا کر میچ پر بڑھتے ہوئے بھارتی کنٹرول کو ختم کیا اور سکور کو بریک لگا دی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے مقررہ 10 اوورز میں 35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف نے 3 جبکہ نسیم شاہ نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب بھارت کی طرف سے ایشن کیشن اور ہاردک پانڈیا نے 138 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ لگا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا 87 اور ایشن کیشن 82 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ ان دوںوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بالرز کا جم کرمقابلہ نہ کر سکا۔
میچ کے احوال کی بات کی جائے تو شاہین آفریدی نے بھارتی کپتان روہت شرما کو 15 رنز پر واپس پویلین کی راہ دیکھائی تو ویرات کوہلی ٹیم کو سنبھالا دینے کیلئے میدان میں اترے لیکن اگلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے انہیں صرف 4 سکور پر چلتا کیا، یوں صرف 27 رنز پر بھارت کی 2 اہم وکٹیں گر گئیں ۔
بھارت کی تیسری وکٹ شیریاس ایئر کی گری جنہیں 9 رنز پر حارث رؤف نے چلتا کیا ، فخر زمان نے تیز گیند پر ان کا کیچ پکڑا،بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور میزبان ٹیم پاکستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی، بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل میدان میں اترے جبکہ پاکستان کی جانب شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے اٹیک کیا،ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی بیٹنگ کرتے، ایونٹ میں ٹاپ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،روہت شرما نے کہا کہ اچھا اسکورکرکے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے،بھارتی ٹیم میں 4فاسٹ بولر اور 2 اسپنرز شامل ہیں۔
بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم:
اس بڑے معرکے کے لیے پاکستانی پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ شب کردیا گیا تھا جس کے مطابق ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں ، اس کے علاوہ فخر زمان ، امام الحق ، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہیں۔
بھارتی ٹیم:
بھارت کی پلیئنگ الیون میں کپتان روہت شرما ، شبمن گل ، ویرات کوہلی ، ایشان کشن ، شریاس ائیر سمیت ہاردک پانڈیا ، رویندرا جڈیجا ، شاردل ٹھاکر ، جسپرت بمرا ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔واضح رہے کہ کینڈی میں میچ سے قبل بارش ہورہی تھی جو اب رُک چکی ہے اور خبریں آرہی ہیں کہ میچ کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔