پرویز الہٰی و دیگر کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی استدعا، فریقین سے جواب طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور دیگر کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی استدعا پر تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نےچودھری پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور زارا الہٰی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی،درخواست میں وزرات داخلہ کو بذریعہ سیکرٹری، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی پر درج مقدمات کی عدالتوں سے ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں، وہ 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عمرہ کیلئے اور انگلینڈ جانا چاہتے ہیں، نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کے باعث بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ناموں کو نکالنے کا حکم دے۔