(ویب ڈیسک)سینئراداکارفردوس جمال کی ہمایوں سعید اورماہر ہ خان پر تنقید کے جواب میں سینئراداکار وسیم عباس کاردعمل آگیا،ان کاکہناہے کہ کسی کی عمر پر تنقید کرنے والے ہم کون ہوتے ہیں ۔
وسیم عباس پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے سینئرفنکارہیں جنہیں اس انڈسٹری کاحصہ بنے لگ بھگ چاردہائیاں ہوچکی ہیں۔بے شمارہٹ ڈرامے ان کے کریڈٹ پر ہں،ان کے مقبول ڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں زندگی گلزار ہے،میرے ہمسفر،آشیانہ،لنڈابازار،پریم گلی،دن اورفیملی فرنٹ جیسے ڈرامے شامل ہیں۔
وسیم عباس لیجنڈاداکار اورگلوکارعنایت حسین بھٹی کے فرزند ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے علی عباس بھی اس وقت پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول فن کاروں میں شامل ہیں۔
وسیم عباس شوبز میں اُٹھنے والے تنازعات پربھی کھل کراپنی رائے کااظہارکرتے ہیں،وسیم عباس نے ایک حالیہ وی لاگ میں سینئراداکارفردوس جمال کے ہمایوں سعیداورماہرہ خان سےمتعلق بیان پراپنی رائے کااظہارکیاہے۔
وسیم عباس نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں اس پر کیاکہہ سکتاہوں،میرے خیال میں ہمیں کسی کی عمر کے بارے میں بات کرنے کاکوئی حق حاصل نہیں ہے،اگر ناظرین انہیں قبول کررہے ہیں تو ہم کون ہوتے ہیں تبصرہ کرنے والے،میرے خیال میں عمرسے کوئی فرق نہیں پڑتا،ماہرہ خان اب بھی خوبصورت لگتی ہیں اوروہ خوبصورت ہیں،فلم"دی لیجنڈآف مولاجٹ" میں وہ بہت خوبصورت دکھائی دیں،ہمیں اس بات کوقبول کرناچاہیے اوربطورسینئرفنکاراپنے ساتھی فنکاروں کے بارے میں رائے دیتے ہوئے بہت محتاط رہناچاہیے۔
وسیم عباس نے مزید کہاکہ آپ کسی کی پرفارمنس پر تنقیدکرسکتےہیں لیکن کسی کی عمرپرتنقید نہیں کرسکتے یہ میرے خیال میں مناسب نہیں ہے۔
ہمایوں سعید کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے سینئراداکاروسیم عباس نے کہاکہ ہمایوں سعید کمرشل لحاظ سے بہت کامیاب اداکارہیں جنہیں پتہ ہے کہ کس طرح آڈیئنس کوقبضے میں رکھناہے،ان کے مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے اوروہ واقعی بہت بڑے سٹارہیں،اس کے باوجودفردوس جمال ان پرتنقید کررہے ہیں کہ کیا وہ مارلن برانڈوہیں؟جی بالکل وہ پاکستان کے مارلن برانڈوہیں۔
وسیم عباس نے کہاکہ فردوس جمال کی تنقیدغیرضروری ہےجو نہیں ہونی چاہیے تھی،ہم فردوس جمال کے اس سے قبل دیئے گئے بیانات کی بھی مذمت کرتے ہیں،بالی ووڈ میں سلمان خان اورشاہ رخ خان کودیکھ لیں وہ 54 اور55سال کے ہیں اس کے باوجود ابھی کام کررہے ہیں کیونکہ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔