پنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز، بنگلادیش کا زبردست آغاز،گہرے بادل حائل،میچ روک دیا گیا
راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کا آغاز، پاکستان کے 7 کھلاڑی 136 رنز پر پویلین لوٹ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی)راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن شہر کا موسم ابر آلود ہے اور گہرے بادلوں کے سبب میچ روک دیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے چائے کے وقفے کے بعد کے سیشن کا کھیل روک دیا گیا، 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز نے کھیل کا شاندار آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنالیے۔اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز ہوا تو پاکستان نے اس وقت دو وکٹوں کے نقصان پر 21 رنز بنا رکھے تھے، پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پربنا کر پویلین لوٹ گئی۔
صائم ایوب 20، شان مسعود 28 اور بابر اعظم 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شکیل مسعود محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لئے آئے لیکن وہ بھی دو رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔
قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔ نائب کپتان سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ضرورپڑھیں:محسن نقوی کی قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت
قبل ازیں بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 274 رنز کے تعاقب میں 262 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کھیل کے تیسرے روز پاکستانی بالرز نے شاندار کم بیک کیا، خرم شہزاد اور میر حمزہ نے جارحانہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کے ٹاپ 6 بیٹر کو محض 26 رنز کے عوض پویلین بھیج دیا تھا۔
بنگلادیش کی جانب سے شادمان اسلام 10، کپتان نجم الحسن شانتو 4 ،مشفق الرحیم 3، شکیب الحسن 2 جبکہ ذاکر حسن اور مومن الحق ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 165 رنز بناکر بنگلادیشی ٹیم کی میچ میں واپسی ممکن بنائی، مہدی 78 رنز اور لٹن داس 138 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تسکین احمد 1 اور ناہید رانا صفر پر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 جبکہ میر حمزہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
دوسرا روز: قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق کی صورت میں صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا تاہم کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں شان 57، صائم ایوب 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 16، بابراعظم 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 29 اور آغا سلمان 54، خرم شہزاد 12، محمد علی 2 اور ابرار احمد صرف 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 5، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہین رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں پاکستان کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کریں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے بےچین ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔
پہلا روز: دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔
پاکستان کا اسکواڈ: کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد ضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔
بنگلادیش کا اسکواڈ: کپتان نجم الحسین شانتو، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الاسلام، مشفق الرحیم، لٹن داس، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، حسن محمود اور ناہید رانا۔